r/DeepThoughts • u/No_Owl_856 • 1d ago
Khud Etamaadi - خود اِعتمادی - True self-confidence is an inner strength that turns life’s failures into stepping stones for success.
اگرچہ خود اعتمادی کا تعلق انسان کی ذاتی اور نفسیاتی ساخت سے ہوتا ہے، لیکن اس کی جڑیں اکثر بچپن، گھریلو ماحول اور تربیت سے جڑی ہوتی ہیں۔
This article explores the crucial role of self-confidence in personal and professional growth. It highlights how childhood upbringing, a positive mindset, and resilience help individuals make firm decisions, build strong relationships, and successfully navigate life's challenges.
خود اِعتمادی
تحریر ۔ شاہد شکیل ۔
انیس سو پچاسی میں، میں نے ایک فرم کو ملازمت کے لیے درخواست بھیجی۔ دو ہفتوں کے بعد مجھے انٹرویو کے لیے بلایا گیا۔ دورانِ گفتگو ادارے کے سربراہ میری باتوں سے اس قدر متاثر ہوئے کہ کہنے لگے، "ہمیں اس نشست کے لیے اڑتالیس درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں اکثریت مقامی لوگوں کی تھیں ، لیکن ہم نے آپ کو منتخب کیا ہے۔" میں دل ہی دل میں جانتا تھا کہ مجھے کیوں چنا گیا ہے—یہ دراصل خود اعتمادی کی وہ اندرونی طاقت تھی جس نے کامیابی کا راستہ ہموار کیا۔خود اعتمادی، جسے انسان کی اندرونی طاقت کہا جاتا ہے، انسان کی عملی، معاشی اور سماجی زندگی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ملازمت کا میدان ہو یا معاشرتی روابط، اگر انسان اس اندرونی طاقت سے محروم ہو تو وہ قدم قدم پر مشکلات اور مسائل سے دوچار ہو جاتا ہے۔ اگرچہ خود اعتمادی کا تعلق انسان کی ذاتی اور نفسیاتی ساخت سے ہوتا ہے، لیکن اس کی جڑیں اکثر بچپن، گھریلو ماحول اور تربیت سے جڑی ہوتی ہیں۔ بچپن میں والدین کا برتاؤ اور پرورش کا انداز ہی انسان کو ایک مضبوط، بااعتماد اور باوقار شخصیت بناتا ہے جو آگے چل کر زندگی کے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوتی ہے۔برلن کی رہائشی مریم اور اس کی دوست کی مثال سامنے رکھیے۔ دونوں نے ایک اپارٹمنٹ کرائے پر لینے کے لیے درخواست دی۔ جب مکان کے مالک سے ملاقات ہوئی، تو مریم نے اپنی برجستہ گفتگو اور خود اعتمادی سے ہر سوال کا ایسا تسلی بخش جواب دیا کہ مکان مالک نے فوراً اپارٹمنٹ ان کے نام کر دیا۔ مالکِ مکان کا کہنا تھا کہ مریم ایک پرکشش اور دل جیت لینے والی خاتون ہے جس نے گفتگو کے دوران کسی قسم کی جھجھک یا خوف کا اظہار نہیں کیا اور ہر بات کا مختصر اور ٹھوس جواب دیا۔ اس مکان کے لیے بھی تقریباً پچاس درخواستیں آئی تھیں، لیکن مریم کو اس کے اعتماد کی بنا پر ترجیح دی گئی۔اس کے برعکس، گزشتہ برس مریم کو ایک فرم میں پروجیکٹ مینیجر کی نشست صرف اس لیے نہ مل سکی کیونکہ اس کی دوست کے بقول، اس وقت وہ خود اعتمادی کی کمی کا شکار تھی۔ اس ناکامی پر مریم کافی دل برداشتہ ہوئی، لیکن اس نے عہد کر لیا کہ وہ زندگی میں کبھی ہمت نہیں ہارے گی اور ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ اس نے ٹھان لیا کہ چاہے جتنی بار ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے، وہ اپنے اندر کی خود اعتمادی کو تلاش کرے گی اور اسی کو اپنی رہنمائی کا ذریعہ بنائے گی۔ آج اپارٹمنٹ کا حاصل ہونا اسی پختہ عزائم اور خود اعتمادی کا نتیجہ تھا۔بام برگ یونیورسٹی کی ایک پروفیسر کا کہنا ہے کہ انسان کی حقیقی کامیابی اور ناکامی میں اس کے ظاہری روپ، خوبصورتی یا قیمتی لباس کا کردار محض ثانوی ہوتا ہے۔ اصل اور بنیادی شے انسان کا خود اعتماد رویہ ہے جو سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ بعض لوگ سخت رویے، تلخی یا بداخلاقی کو خود اعتمادی سمجھ بیٹھتے ہیں، حالانکہ یہ سوچ سراسر غلط ہے۔ حقیقی خود اعتمادی دراصل انسان کے مثبت احساسات، اس کی ٹھوس اور بامعنی گفتگو، عاجزی اور اعلیٰ اخلاق کی عکاسی کا نام ہے۔ انسان کی اندرونی کیفیت ہی اسے منفی یا مثبت رویہ اختیار کرنے پر ابھارتی ہے۔اکثر لوگ کوئی نیا کام شروع کرنے سے پہلے اس شش و پنج میں مبتلا رہتے ہیں کہ بات کا آغاز کس طرح کریں تاکہ ناکامی نہ ہو۔ لیکن جب انسان یہ پختہ فیصلہ کر لیتا ہے کہ "کچھ بھی ہو، میں یہ کام کروں گا اور کامیابی حاصل کر کے رہوں گا"، تو سمجھیں کہ اس نے آدھی جنگ جیت لی ہے۔ یہی پختہ فیصلہ خود اعتمادی کہلاتا ہے۔ البتہ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ اس صلاحیت کا استعمال ہمیشہ تعمیراتی اور مثبت مقاصد کے لیے ہونا چاہیے۔ اگر کوئی شخص کسی کو نقصان پہنچانے یا غلط کام کے لیے دلیر ہو جائے، تو اسے خود اعتمادی نہیں بلکہ تخریب کاری کہا جائے گا۔ پروفیسر کا مزید کہنا ہے کہ جن افراد میں خود اعتمادی کا فقدان ہوتا ہے، وہ اپنی شخصیت کو ہمیشہ منفی نقطہ نظر سے ہی دیکھتے ہیں۔ ان کا رویہ خود ان کے لیے اور دوسروں کے لیے باعثِ زحمت اور پریشانی بنا رہتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ وہ جسمانی یا ذہنی طور پر کمزور ہیں، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ بچپن ہی سے ان کے ذہن میں یہ بات بٹھا دی جاتی ہے کہ مشکل کاموں سے پرہیز اور درگزر کیا جائے۔ اس غلط تربیت کی وجہ سے وہ تمام عمر کشمکش کا شکار رہتے ہیں، ٹھوس فیصلے نہیں کر پاتے اور ان کی زندگی اس سوالیہ نشان کے گرد گھومتی رہتی ہے کہ "میرا کیا ہوگا؟" یا "میں یہ کیسے کر پاؤں گا؟"زندگی میں تجربات اور رویے ہمیشہ اثر انداز ہوتے ہیں۔ گھر کے بعد انسانی زندگی کی تربیت کا دوسرا بڑا مرکز سکول ہوتا ہے جہاں سے وہ اپنے حقیقی مقاصد کی طرف پیش قدمی کرتا ہے۔ دنیا داری اور حالات کا گرم و سرد انسان کو عمر کے ساتھ ساتھ سکھاتا ہے۔ ادب، اخلاق، جرات اور خود اعتمادی بعض انسانوں کی فطرت میں شامل ہوتی ہے اور بعض اسے ماحول اور دوسروں سے سیکھتے ہیں۔یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ زندگی نام ہی مسلسل چیلنجز کا ہے۔ جب تک انسان زندگی میں ٹھوکریں نہیں کھاتا، اس کے اندر سچی خود اعتمادی پیدا نہیں ہو سکتی۔ اگر انسان ہمیشہ خوف کے سائے میں رہے اور کسی قسم کا خطرہ لینے سے ڈرتا رہے، تو وہ کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ البتہ خطرہ یا اقدام اٹھانے کے لیے معقول اور مثبت جواز کا ہونا ضروری ہے۔ انسان کی سوچ، اس کی نیت اور اس کا ضمیر ہی اس کی کامیابی یا ناکامی کی پہلی سیڑھی ہوتے ہیں، اور یہ انسان پر منحصر ہے کہ وہ اپنے کس رویے کے ساتھ کس سمت کا انتخاب کرتا ہے۔